لاہور(پنجاب پوسٹ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو انسپکٹر ظاہر کر کے شہری سے 20 لاکھ روپے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شہری سے جبراً وصول کی گئی پوری رقم برآمد کر لی گئی۔
ساہیوال کے رہائشی سید حمزہ ارشاد بخاری کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے بروقت کارروائی کی اور مرکزی ملزم شاہد بشیر چیمہ کو گرفتار کیا۔شکایت کے مطابق ملزمان نے شہری کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں آ کر گرفتاری کی دھمکیاں دیں اور تین بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے 20 لاکھ روپے وصول کیے۔
تحقیقات کے مطابق ایک دوسرے ملزم میاں وسیم نے مبینہ طور پر نام نہاد کلیئرنس دلوانے کے نام پر مزید 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ اس ملزم کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور شہری سے فراڈ کے ذریعے وصول کی گئی تمام 20 لاکھ روپے کی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
فراہم کردہ کال ریکارڈنگز، واٹس ایپ پیغامات اور بینک ریکارڈ کی روشنی میں این سی سی آئی اے لاہور زون نے مزید تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر نے کہا ہے کہ اداروں کے نام کا غلط استعمال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔












