پنجاب کے ہوٹلز میں کھانا کھانے کیساتھ انعامی رقم بھی کیسے حاصل کی جاسکتی ہے ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ)کھابوں کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے انعامی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت صارفین کو کھانے کے بل کی ڈیجیٹل ادائیگی پر سہولت کے ساتھ انعامات جیتنے کا موقع بھی ملے گا۔

یہ فیصلہ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ڈیٹا بیس سے متعلق اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ٹیکس کلچر اور ای ادائیگیوں کے فروغ کے لیے سروس سیکٹرز میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پی آر اے کے مطابق انعامی اسکیم کا مقصد عوام کو نقد ادائیگی کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے کاروباری لین دین میں شفافیت اور ٹیکس نظام پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں متعلقہ سیکٹرز کو ہدایت کی گئی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دوران صارفین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر مانیٹر کیا جائے۔ ترجمان کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ نظام بھی وضع کیا جائے گا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی لینے سے انکار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔مزید بتایا گیا کہ ای آئی ایم ایس (EIMS) کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں اور ٹیکس ادائیگیوں میں شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے شعبے میں ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے رجحان کو بڑھانے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے