لاہور ( پنجاب پوسٹ ) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ۔جب عوام خود بول پڑیں تو اُن کے نمائندوں کے بولنے یا نہ بولنے سے فرق نہیں پڑتا، پیپلزپارٹی کہتی ہے سندھ میں اسٹیک ہولڈر ہم ہیں، تصور کریں ریفرنڈم میں سندھ کے عوام خود بول پڑیں تو اُن کا نمائندہ کیا بولے گا، ہو سکتا ہے کہ میرے خطے کے لوگ کہیں کہ نئے صوبے بننے چاہئیں، ہو سکتا ہے کہ دوسرے خطے کے لوگ اس کو نہ مانیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقدہ ایجوکیشنل ایرینا ایکسپو، بک اینڈ اسٹیشنری فیئر 2026 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انک کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ مسئلے کا حل نکالا جائے، جب عوام خود ہی بول پڑیں تو ان کے نمائندوں کے بولنے نہ بولنے سے فرق نہیں پڑتا، لوگوں کے مسائل بڑے ہیں، تیرے میرے کی بحث اب متروک ہوتی جا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کتابوں اور کتب بینی کے فروغ کے لیے ایسی نمائشوں کا انعقاد اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، جمہوریت اور بہتر حکمرانی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ علم کی بنیاد پر ہونے والا مکالمہ معاشرے میں بہتری کا ذریعہ بنتا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں کتابوں کی اشاعت اور طباعت کے شعبے کو حکومتی سرپرستی اور سہولیات کی ضرورت ہے۔ کتب بینی کے فروغ کے لیے کاغذ پر ڈیوٹیز کم کرنے اور پبلشرز کو مراعات دینے کی ضرورت ہے۔
ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی گورننس، تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے شعبوں میں اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام محض صفائی مہم نہیں بلکہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور بہتر معیارِ زندگی سے متعلق منصوبہ ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کی بہتری بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانے، چائلڈ لیبر سے بچوں کو نکال کر اسکولوں تک پہنچانے اور تعلیمی وظائف کے ذریعے بچوں اور والدین کی معاونت کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے ذریعے دیہی آبادی کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی اہم پیش رفت ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر وسائل کی تقسیم اچھی حکمرانی کا تقاضا ہے۔ ان کے مطابق ان کے حلقے میں ٹریکٹر اسکیم کے 80 فیصد فوائد سیاسی مخالفین کو ملے، جبکہ ترقیاتی فنڈز سے سیاسی مخالفین کے گھروں اور دیہات کی جانب جانے والی سڑکیں بھی تعمیر کی گئیں۔
کسانوں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عالمی منڈی میں زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی سے کسان متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت نے کسان کارڈ، سبسڈیز اور زرعی مشینری کے ذریعے کسانوں کی معاونت کی ہے، تاہم کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت کی ضمانت دینے کے لیے کم از کم امدادی قیمت کا نظام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط مقامی حکومتوں اور صوبائی مالیاتی کمیشن کے بغیر عوام کو حقیقی اختیارات کی منتقلی ممکن نہیں۔ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی جمہوریت کی بنیاد ہے، جبکہ 1973 کے آئین میں منتخب نمائندوں کے ذریعے اختیارات کے استعمال کا تصور واضح کیا گیا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معاشرے کو غربت، جرائم، دہشت گردی اور تعلیمی پسماندگی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی جیسے حساس معاملات پر جذبات کے بجائے دلیل اور سنجیدہ مکالمے کی ضرورت ہے۔ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:مردہ گھوڑے میں ہوا بھرنے کی اب کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، عظمیٰ بخاری
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے متعارف کرائی گئی گورننس اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مجھے مریم نواز کی حکومت سے بہت توقع ہے، 70 سال سے 70 فیصد آبادی کو انسان ہی تصور نہیں کیا جاتا تھا، میرے دیہات میں صحت کے نام پر موت بانٹی جا رہی تھی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صحت کے معاملے میں پورے پنجاب میں بہت کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ کرپشن کے ناسور کو ختم کریں گے، میری سالک حسین سے بات ہوئی ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن بہت زیادہ ہوئی ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کرپشن کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔











