لاہور کی فضا صاف، ایئر کوالٹی انڈیکس معمول پر؛ محکمہ ماحولیات پنجاب کی مؤثر کارروائیوں کا نتیجہ

لاہور(پنجاب پوسٹ) محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق لاہور کی فضا صاف ہو گئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) معمول کی سطح پر آ گیا ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ بہتر ایئر کوالٹی صرف سازگار موسم کا نتیجہ نہیں بلکہ مقامی آلودگی کے ذرائع کے خلاف مؤثر کارروائیاں بھی اس کا اہم سبب ہیں۔

ترجمان کے مطابق اگر صنعتیں کالا دھواں اگل رہی ہوتیں، بھٹوں سے آلودگی جاری رہتی، فصلوں کی باقیات اور کھلے مقامات پر کوڑا جلانے کے واقعات اور گاڑیوں کا دھواں بے قابو ہوتا تو لاہور کا آسمان اتنا صاف نہ ہوتا اور بہتر AQI ممکن نہ تھا۔

محکمہ ماحولیات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 10 نومبر تک بھٹوں کی 80 ہزار 594 انسپکشنز کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں دو گنا سے زائد ہیں۔ ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر پنجاب بھر میں 1,372 بھٹے مسمار اور 864 سیل کیے گئے۔

صنعتی آلودگی کے خلاف بھی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی۔ 47 ہزار 643 صنعتی یونٹس کی انسپکشنز کی گئیں، جن کے دوران آلودگی پھیلانے پر 374 یونٹس مسمار، 1,419 سیل اور 21 کروڑ 69 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔

فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف سیٹلائٹ مانیٹرنگ اور فیلڈ ٹیموں کے ذریعے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ پلاسٹک آلودگی کے خلاف مہم میں 4 لاکھ 38 ہزار کلوگرام سے زائد پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ اسی طرح ریسٹورنٹس میں دھوئیں کی روک تھام کے لیے 3,750 سکشن ہڈز نصب کی گئیں جبکہ خلاف ورزی پر 1,263 مقامات سیل کیے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لاہور کی بہتر فضائی صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی آلودگی کے ذرائع پر قابو پانا ناگزیر ہے۔ سازگار موسم مددگار ضرور ہوتا ہے، تاہم مستقل صاف فضا کے لیے صنعتوں، بھٹوں، گاڑیوں اور فصلوں کی باقیات جلانے پر مؤثر کنٹرول ضروری ہے۔

پنجاب بھر میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کا سلسلہ سیکریٹری ماحولیات سلوت سعید کی قیادت اور ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں جاری ہے۔ محکمہ ماحولیات نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بہتر AQI کو عارضی نہیں بلکہ مستقل کامیابی میں تبدیل کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے