لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر سالک حسین کی حالیہ گفتگو پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری خاندان کو پہلے امتحان میں مونس الٰہی نے اور اب دوسرے امتحان میں سالک حسین نے ڈال دیا ہے، اور ان دو نالائق بچوں نے چوہدریوں کی وضع دار اور رکھ رکھاؤ والی سیاست کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس شریف خاندان نے انہیں چوہدری بنایا، اسے دھوکہ دینا ان کی تاریخ بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موصوف چوہدری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جو لوگ خواتین کی تضحیک کرتے ہیں، وہ کم از کم وضع دار نہیں ہو سکتے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود سالک حسین وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس کا جواب نہیں دے سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر چلے جائیں۔
عظمیٰ بخاری نے دوغلی سیاست پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کرپشن کا راگ الاپا جاتا ہے اور دوسری طرف فنڈز بھی مانگے جاتے ہیں، یہ دوہرا معیار کیسے اپنایا جا سکتا ہے؟
گجرات میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے گجرات میں جو کام کرائے ہیں وہ ان کی تین نسلیں بھی نہیں کر سکیں۔
ان کے مطابق مریم نواز نے گجرات کو اس کا وہ حق دیا ہے جو 50 سال سے ظہور الٰہی، شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نہیں دے سکے۔آخر میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹی وی پر بھاشن دینے کے بجائے استعفے دیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں، تب انہیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔












