لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب ملک کا واحد صوبہ ہے جو کرپشن کے خلاف محض دعوے نہیں کر رہا بلکہ عملی اور ٹھوس کارروائیاں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر بدعنوان عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب ایک مکمل طور پر شفاف ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام محکمے بھی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کے نظام کے تحت بدعنوان عناصر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر پولیس، پیرا اور دیگر محکموں میں باڈی کیمز کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری اداروں میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد ڈیجیٹل ایویڈنس ریکارڈ کرنا اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پنجاب میں نہ کوئی سفارش چلتی ہے اور نہ ہی رشوت۔
ناقدین کو جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ چند "بیروزگار نوکری کی تلاش” میں پنجاب کو بدنام کرنے کے مشن پر دن رات لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، لیکن چونکہ ان عناصر کا مقصد نوکری کا حصول ہے، اس لیے پنجاب اور مریم نواز ان کے اعصاب پر سوار ہیں۔











