اینٹی اسموگ گنز کی مؤثر کارروائیاں، لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 53 فیصد تک کم ہوگیا، شہر کے تمام 11 مانیٹرنگ اسٹیشنز پر نمایاں بہتری ریکارڈ

لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں بھارتی دیوالی کے موقع پر ہونے والی آتش بازی، علاقائی فضائی آلودگی اور سرحد پار سے آنے والے آلودہ دھوئیں کے باعث صبح کے وقت ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی بھرپور انسدادِ اسموگ کارروائیوں کے نتیجے میں شہر کی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں متعدد اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے تقریباً 640 کلومیٹر کے روٹس اور مختلف علاقوں میں مِسٹ اسپرے آپریشن کیا گیا، جس کے بعد شہر کے تمام 11 مانیٹرنگ اسٹیشنز پر ایئر کوالٹی انڈیکس میں کمی سامنے آئی۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مانیٹرنگ ڈیٹا کے مطابق 9 نومبر کو صبح 9 بجے لاہور کا اوسط AQI 489 ریکارڈ کیا گیا، جو سہ پہر 3 بجے کم ہو کر 232 رہ گیا۔ یوں صرف چھ گھنٹوں کے دوران شہر کے اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس میں 257 پوائنٹس، یعنی تقریباً 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ بہتری لاہور کے تمام 11 مانیٹرنگ اسٹیشنز پر دیکھنے میں آئی، جو شہر بھر میں جاری انسدادِ اسموگ اقدامات کی اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹلہ جوگیاں: وہ پہاڑ جہاں ایک بادشاہ نے تخت و تاج چھوڑ کر جوگ اپنا لیا

اعداد و شمار کے مطابق ایجرٹن روڈ پر AQI میں سب سے زیادہ 333 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں انڈیکس 500 سے کم ہو کر 167 پر آگیا۔ جی ٹی روڈ پر 328، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 321، شاہدرہ میں 317، برکی روڈ پر 312 اور پنجاب یونیورسٹی میں 305 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح واہگہ بارڈر، گلبرگ تھری، کاہنہ نو، سفاری پارک اور ملتان روڈ کے مانیٹرنگ اسٹیشنز پر بھی فضائی آلودگی کی سطح میں کمی سامنے آئی۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے مسلسل مِسٹ اسپرے، ہائی ٹریفک اور زیادہ گردوغبار والے مقامات پر خصوصی آپریشن اور پنجاب کلائمیٹ واچ کے ریئل ٹائم مانیٹرنگ ڈیٹا کی مدد سے کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ صبح کے وقت فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافے میں علاقائی اور سرحد پار سے آنے والی آلودگی کے ساتھ دیوالی کے موقع پر آتش بازی سے پیدا ہونے والے دھوئیں کا کردار بھی اہم رہا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ناکارہ بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، مشکوک شخص حراست میں لے لیا گیا

اس موقع پر ممبر آپریشنز اور فوکل پرسن محکمہ ماحولیات ساجد بشیر نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب فضائی آلودگی میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مسلسل مانیٹرنگ اور فیلڈ آپریشنز کو یکجا کرکے کام کر رہا ہے۔ اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے وسیع پیمانے پر مِسٹ اسپرے آپریشن اسی مربوط حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کلائمیٹ واچ کے مانیٹرنگ ڈیٹا کی بنیاد پر آلودگی کے زیادہ دباؤ والے علاقوں کی نشاندہی کرکے آپریشنز جاری رکھے جا رہے ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام 11 مانیٹرنگ اسٹیشنز پر ایک ہی روز میں فضائی آلودگی کی سطح میں کمی ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے، تاہم اس بہتری کو برقرار رکھنے کے لیے اینٹی اسموگ گنز، صنعتی و گاڑیوں کے اخراج کی نگرانی اور دیگر انسدادِ آلودگی اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے۔

۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے