لاہور(پنجاب پوسٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو جماعت اسلامی کی تحریک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی رقم سے عوام کو ریلیف دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک پر چینی، آٹا اور لینڈ مافیا مسلط ہیں، جبکہ غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے 22 نومبر کو کوئٹہ، 29 نومبر کو لاہور جبکہ دسمبر میں خیبرپختونخوا اور کراچی میں احتجاجی جلسوں کا اعلان بھی کر دیا۔
منصورہ میں پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک سے پہلے نہ کسی کو پیٹرولیم لیوی کا علم تھا اور نہ ہی آئل ریفائنریوں کے منافع کا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے عوام کو آگاہی دی، جس کے نتیجے میں حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنا پڑیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی جماعت اسلامی کی تحریک کا ثمر، جاوید قصوری
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے پبلک ٹرانسپورٹ، زرعی ٹرانسپورٹ اور ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو سستا پیٹرول اسکیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے بقول اس حوالے سے ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے اور چار روز میں اسے معاہدے کی شکل دی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران کپاس کی فصل میں 60 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے گندم کی قیمت میں اضافے، گنے کی کرشنگ نہ ہونے اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنوں کے آغاز کا اعلان کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ 22 نومبر کو کوئٹہ جبکہ 29 نومبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کیا جائے گا، جبکہ دسمبر میں خیبرپختونخوا اور کراچی میں بھی جلسے ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات بروقت اور جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:”جماعت اسلامی جیت گئی”حکومت مرحلہ وار پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے پر رضامند










