لاہور (پنجاب پوسٹ)لاہور ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم نمبر 7 پر کھڑی خالی اور ناکارہ اکانومی کلاس کی بوگی میں آگ لگ گئی، جس سے اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر لگی، جسے 1 بج کر 20 منٹ تک بجھا دیا گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈی ایس پی ریلوے ضیا الرحمٰن کاکڑ کے مطابق بوگی میں آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق مشتبہ شخص کو ریلوے پولیس نے اسٹاف کی معاونت سے گرفتار کیا، واقعے کا مقدمہ ریلوے پولیس اسٹیشن لاہور میں درج کیا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث ٹرین آپریشن متاثر نہیں ہوا اور تمام ٹرینیں معمول کے شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔ مسافر اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق بلا تعطل سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔
واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔












