ڈینگی خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کے بجائے جرمانے، پنجاب میں قانون سازی کا اعلان: صوبائی وزیر صحت

لاہور (پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حکومت پنجاب نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر کے بجائے جرمانوں کا نظام متعارف کرانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔ ان کے مطابق پہلی خلاف ورزی پر جرمانہ، دوسری پر زیادہ جرمانہ اور تیسری خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ رابطہ مضبوط بنانا چاہتی ہے تاکہ صحت سے متعلق پالیسیوں اور اقدامات میں ان کی تجاویز کو شامل کیا جا سکے۔

خواجہ عمران نذیر نے اعلان کیا کہ کلینک آن ویلز پروگرام کو لاہور کی مارکیٹوں تک وسعت دی جائے گی، جس کے ذریعے تاجروں اور کارکنوں کو طبی سہولیات ان کے کاروباری مراکز پر فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے لاہور چیمبر میں ماہانہ بنیادوں پر موبائل فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کی پیشکش بھی کی، جہاں ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے لیے یکساں فارماسیوٹیکل پالیسی مرتب کرنے پر کام جاری ہے۔

صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر نے معمولی اور تکنیکی خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کے بجائے جرمانوں کا نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر نے وفاقی حکومت، 11 معاشی وزارتوں اور پنجاب حکومت سے منسلک شکایات مرکز قائم کیا ہے۔ انہوں نے فارماسیوٹیکل سیکٹر کے لیے وفاقی اور صوبائی اختیارات کی واضح تقسیم اور غیر ضروری ضابطہ جاتی تقاضوں کے خاتمے کو بھی ضروری قرار دیا۔

سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے ذہنی صحت پر بھی توجہ دینے پر زور دیا اور صنعتی مراکز میں کلینک آن ویلز اور ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

نائب صدر چودھری خادم حسین نے ووٹ آف تھینکس پیش کیا۔ تقریب میں سابق صدر میاں مصباح الرحمٰن، سابق نائب صدور حارث عتیق اور شاہد نذیر چوہدری، سینئر ممبر محمد امجد چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نائلہ ندیم، شہزاد علی شاہ، مردان علی زیدی، حامد رضا، علی رضا، محمد اعجاز غوری، ذوالفقار علی چوہدری، شہاب بشارت، عدیل بابر، ڈاکٹر شہزاد محمود، عامر عطا باری اور سید عظمت علی شاہ جبکہ سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبران وقار احمد اور حاجی محمد اکرم بھی موجود تھے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے