لاہور (پنجاب پوسٹ)پولیس خدمت کاؤنٹرز کے ذریعے شہریوں کو طبی و قانونی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال خدمت کاؤنٹرز سے 24 ہزار سے زائد میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جنرل ہسپتال سے سب سے زیادہ 4782 اور جناح ہسپتال سے 3688 میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری ہوئے۔ اسی طرح سروسز ہسپتال سے 3107 جبکہ میاں منشی ہسپتال سے 2683 سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ خدمت کاؤنٹرز کے ذریعے 4966 پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ خدمت کاؤنٹرز سے شہریوں اور پولیس ملازمین کو میڈیکل ویریفکیشن میں بھرپور مدد مل رہی ہے۔ ان کے مطابق حادثات اور دیگر واقعات کے متاثرین کو بروقت طبی و قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید خدمت کاؤنٹرز پر ون ونڈو سسٹم کے تحت سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ عملہ شہریوں اور پولیس ملازمین کو طبی و قانونی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائے۔











