لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے چوتھے مرحلے کے بل کی بروقت ادائیگی کرنے والے کاشتکاروں میں انعامات کی تقسیم کے لیے لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 5 نومبر تک بل کی ادائیگی کرنے والے کاشتکاروں میں سے شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے صوبہ بھر سے 420 خوش نصیب کاشتکاروں کو منتخب کیا گیا، جن میں سے آج منعقدہ تقریب میں 4 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز، 5 کو موٹر سائیکلیں اور 3 کاشتکاروں کو موبائل فونز کے انعامات دیے گئے
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اُسامہ خان لغاری نے تقریب میں انعامات جیتنے والے کاشتکاروں کو مبارک باد دی اور کہا کہ 15 نومبر تک کسان کارڈ کے بل کی ادائیگی یقینی بنانے والے کاشتکاروں کو بھی قرعہ اندازی میں شامل کرکے انعامات دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کسان دوست اقدام ہے، جس کے تحت کاشتکاروں کو اربوں روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے گئے تاکہ وہ فصل کی کاشت سے برداشت تک اپنی ضروریات پوری کر سکیں اور مڈل مین سے نجات حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بل کی بروقت ادائیگی کا نتیجہ ہے کہ آج کاشتکاروں کو انعامات دیے جا رہے ہیں۔
کسان کارڈ کے واجبات بروقت ادا کرنے والے کاشتکاروں میں ٹریکٹرز اور موٹر سائیکلوں کی تقسیم اُن کی حوصلہ افزائی کا عملی اظہار ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف قرضوں کی بروقت ادائیگی کے رجحان کو فروغ ملے گا بلکہ زرعی شعبے میں جدید مشینری کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔اُسامہ خان لغاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے امسال گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، ڈولفن اسکواڈ نے فیملی کو لوٹنے کی واردات ناکام بنا دی، دو ملزمان گرفتار
کسان کارڈ کے تحت ربیع سیزن میں گندم کے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کی خریداری کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ڈی اے پی کھاد کی خریداری کے لیے کسان کارڈ کے ذریعے 17 ارب روپے کی اضافی بلا سود رقم بحساب 3,500 روپے فی ایکڑ فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ گندم کی بروقت کاشت کے لیے زیادہ سے زیادہ رقبے پر قطاروں میں کاشت یقینی بنائیں اور محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔
اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری زراعت پنجاب آغا نبیل اختر نے کہا کہ کسان کارڈ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جو کاشتکاروں کی معاشی ضروریات بروقت پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے بل کی ادائیگی کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر تمام رقم دوبارہ کسان کارڈ ہولڈرز کے اکاؤنٹس میں کریڈٹ کر دی جاتی ہے۔











