لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے آذربائجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں پاکستان میں آذربائجان کے سفیر عرفان داوودوف سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع، دوطرفہ معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتی علاقوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے، چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس اور صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔ صوبے کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا بڑا پروگرام اگلے ماہ شروع کیا جا رہا ہے۔ حکومت الیکٹرک وہیکلز کے فروغ اور موٹر بائیکس کو مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس میں تبدیل کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات فین، فرنیچر سازی اور سرامکس کی صنعت میں نمایاں مقام رکھتا ہے جہاں فرنیچر سٹی اور عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنایا جا رہا ہے۔ گجرات اور آذربائجان کے شہر باکو کے درمیان باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کا معاہدہ بھی ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے جبکہ آذربائجان کو گوشت اور چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
آذربائجان کے سفیر عرفان داوودوف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائجان کے درمیان پہلے سے معاشی تعاون موجود ہے، تاہم تجارتی تعلقات بڑھانے کی وسیع گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائجان کا بڑا تجارتی وفد اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، جس میں باہمی تجارتی تعاون پر بات چیت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: انسداد پولیو مہم جاری، پانچ روز میں 21 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلا دیے گئے
ملاقات کے اختتام پر آذربائجان کے سفیر نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کو اگلے سال فروری میں باکو میں ہونے والے جوائنٹ اکنامک سیشن میں شرکت کے لیے دورے کی دعوت بھی دی۔











