لاہور (پنجاب پوسٹ) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے لاہور ایکسپو سینٹر میں 24ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر (ITIF Asia) کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب میں کرپشن کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ بے بنیاد الزام تراشی کرنے والے بھی جانتے ہیں کہ ان کے دعوے کھوکھلے ہیں۔
علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں شفافیت، میرٹ اور مؤثر طرزِ حکمرانی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ بے بنیاد الزامات کے بجائے عملی کارکردگی اور عوامی خدمت کو اہمیت دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی مینوفیکچرنگ کا فروغ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ مقامی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرکے عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
علی ڈار نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی صنعتی تعاون پنجاب کی معاشی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ برآمدات میں اضافہ اور مقامی پیداوار کا فروغ مضبوط معیشت کی بنیاد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی نمائشیں مقامی صنعت کو عالمی ٹیکنالوجی، سرمایہ کاروں اور نئی منڈیوں سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی جدت کے ذریعے پنجاب کی صنعتی صلاحیت، پیداواری استعداد اور برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔نمائش کے دوران علی ڈار نے مختلف ہالز اور اسٹالز کا دورہ کیا اور مقامی و غیر ملکی نمائش کنندگان، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں اور صنعتی نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔











