شیخوپورہ بازاروں کی بیوٹیفکیشن میں مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیاں، اینٹی کرپشن پنجاب کی کارروائی، چیف آفیسر ضلع کونسل سمیت چار افسران و ٹھیکیدار گرفتار، دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری

شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب کے پروگرام کے تحت شیخوپورہ کے بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے معاملے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع کونسل کے افسران اور ٹھیکیداروں سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دوسرے ٹھیکیدار عدنان اسلم سمیت دیگر متعلقہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ہونے والوں میں چیف آفیسر ضلع کونسل شہریار، ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر شہزاد صابر، سب انجینئر اظہر محمود اور ٹھیکیدار رانا سہیل شامل ہیں۔اینٹی کرپشن زرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران انکشاف ہوا کہ شیخوپورہ میں بازاروں کی بیوٹیفکیشن کا منصوبہ ایک سال میں مکمل ہونا تھا، تاہم دو سال گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں: کاروباری برادری میں خوف و ہراس، تاجروں کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر

منصوبے میں تاخیر پر وزیراعلیٰ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو معاملے کی فوری تحقیقات اور ذمہ دار افسران و ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

اس ہدایت پر ڈائریکٹر ویجیلنس کی نگرانی میں اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم شیخوپورہ پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ افسران اور ٹھیکیدار کو گرفتار کر لیا۔ ٹیم نے ضلع کونسل کی مختلف برانچوں سے ترقیاتی منصوبوں کا متعلقہ ریکارڈ بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار ٹیم نے ضلع کونسل شیخوپورہ کی حدود میں قائم 250 سے زائد مبینہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کا ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا ہے، جس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تونسہ بیراج پر 120 کنال رقبے پر عالمی معیار کا ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزورٹ کھول دیا گیا، سیاحوں کو نایاب انڈس ڈولفن دیکھنے کا منفرد موقع ملے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز

ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے رابطہ کرنے پر چیف آفیسر شہریار سمیت دیگر افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شیخوپورہ میں تعیناتی تین ماہ قبل ہوئی تھی اور اس دوران انہوں نے کسی ترقیاتی بل کی ادائیگی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے سلسلے میں دکانوں پر نصب کیے جانے والے بورڈز کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا کیے جانے تھے۔

اگر یہ رقم دکانداروں سے وصول کی گئی ہے تو انہیں واپس کروائی جائے گی اور اس معاملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شیخوپورہ کے بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے لیے دو علیحدہ ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں، جنہیں اب ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے