لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر 16 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے جوینائل ڈرائیونگ پرمٹس کے اجرا میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پرمٹس کے اجرا میں 225 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس عرصے میں ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد نوجوانوں کو یہ پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔
لاکھوں نوجوان لائسنسنگ سہولیات سے مستفید
ٹریفک پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس سہولت سے اب تک 4 لاکھ سے زائد نوجوان مختلف لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ڈرائیونگ کی سہولت فراہم کرنا اور انہیں ٹریفک قوانین کا پابند بنانا ہے۔
گزشتہ ماہ 27 ہزار سے زائد پرمٹس جاری
اعداد و شمار کے مطابق صرف گزشتہ ماہ کے دوران ہی صوبہ بھر میں 27 ہزار سے زائد جوینائل ڈرائیونگ پرمٹس جاری کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں بھی اس سہولت کو خاصی پذیرائی ملی، جہاں لاہور ٹریفک پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران 6 ہزار سے زائد نوجوانوں کو ڈرائیونگ پرمٹس فراہم کیے۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار
حکام کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 16 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کو باقاعدہ جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کی سہولت دی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ٹریفک خلاف ورزیوں میں 77 فیصد کمی
اعداد و شمار کے مطابق اس سہولت کے بعد کم عمر ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جسے حکام نے اس منصوبے کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایات
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے جوینائل پرمٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال، لین ڈسپلن، ٹریفک سگنلز کی پابندی اور رفتار کی مقررہ حد پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کو سکوٹی یا موٹر سائیکل دینے سے قبل ان کی مکمل تربیت اور ڈرائیونگ صلاحیت کو یقینی بنائیں۔
وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ "ہمارے نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔”











