لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف گڈز ایسوسی ایشنز اور تنظیموں کے عہدیدار شامل تھے۔
وفد نے گورنر پنجاب کو ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور مشکلات سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا کہ احتجاج اور دھرنے کے دوران تحویل میں لیے گئے کنٹینرز، ٹرکوں اور گاڑیوں کا معاوضہ ادا کیا جائے، ناجائز ایف آئی آرز اور چالان ختم کیے جائیں، اور ناجائز و اضافی ٹول پلازے بند کیے جائیں۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ دورانِ سفر امپورٹ اور ایکسپورٹ کرنے والے کنٹینرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک دن کے لیے بھی ٹرانسپورٹ رک جائے تو پورے ملک میں کاروباری زندگی متاثر ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے دیگر شعبوں کی طرح ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی مشکلات کم کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔گورنر پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔











