لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے میانوالی اٹک میں نادرا رجسٹریشن سینٹر اور واٹر سپلائی سولر پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔تقریب میں مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، عہدیداران اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب اور محروم طبقات کی آواز بنی ہے۔پارٹی کی قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے عوامی خدمت کے وژن پر عمل پیرا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان کا کہنا ہے کہ ضلع اٹک میں صحت کی سہولیات کی بہتری، ڈائلاسز سینٹرز کے قیام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میانوالی میں نادرا رجسٹریشن سینٹر اور سولر واٹر سپلائی پراجیکٹ کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست کرتی رہے گی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان پیپلزپارٹی کا منشور ہے۔غریب عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔لوگ اس وقت مہنگائی اور پٹرول کی بڑھتی ہو قیمتوں سے تنگ آچکے ہیں۔پنجاب کے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی سرپرائزدے گی۔نئی واٹر سپلائی لگانے سے مقامی افراد کو صاف پانی کی سہولت میسرآئے گی۔










