سی ٹی او لاہور کا کمشنر کو مراسلہ: 27 زیر تعمیر منصوبوں میں سے 9 مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی، سموگ اور ٹریفک جام کا خدشہ

لاہور (پنجاب پوسٹ) جاری تعمیراتی منصوبوں پر اعلیٰ حکام کی عدم توجہی کے باعث ٹریفک جام اور سموگ کے مسائل سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سموگ کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے شہر میں 27 زیر تعمیر سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں سے 9 مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔

اس صورتحال پر سی ٹی او لاہور نے فوری اور مربوط اقدامات کے لیے کمشنر لاہور کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی مقامات پر دھول اور اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مراسلے کے مطابق لاہور کی مختلف شاہراہوں پر ترقیاتی کام جاری ہے، تاہم متعدد مقامات پر اسموگ سے بچاؤ کے لیے پانی کا چھڑکاؤ نہیں کیا جا رہا۔ تعمیراتی مقامات سے اٹھنے والی گردوغبار فضائی آلودگی میں اضافے اور حدِ نگاہ میں کمی کا سبب بن رہی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سی ٹی او نے مطالبہ کیا ہے کہ 9 تعمیراتی مقامات پر فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں اور باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ تعمیراتی سامان کو ڈھانپنے، ملبے کی مناسب منتقلی اور گردوغبار کی روک تھام کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

مراسلے میں ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ اداروں کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے زور دیا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے