لاہور (پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے 29ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 4,363 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں گولڈ اور سلور میڈلز سمیت خصوصی اعزازات تقسیم کیے گئے۔
کانووکیشن کے دوران 3,570 بیچلرز، 21 ماسٹرز، 723 ایم ایس/ایم فل اور 49 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی پر طلبہ و طالبات کو 62 گولڈ اور 68 سلور میڈلز سے نوازا گیا۔اسی طرح 16 اکیڈمک ایکسیلنس گولڈ ایوارڈز، 13 سرٹیفکیٹس آف ایکسیلنس، 5 سرٹیفکیٹس آف میرٹ اور ایم ایس/ایم فل کے طلبہ کو 6 ریسرچ پبلیکیشن ایوارڈز بھی دیے گئے۔ کانووکیشن میں پی ایچ ڈی اسکالرز اور گولڈ میڈلسٹس کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور صوبائی وزیر رانا سکندر حیات سمیت چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور دیگر اعلیٰ حکومتی و تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین و صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے معزز مہمانانِ خصوصی کے ہمراہ فارغ التحصیل طلبہ میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ تعلیم یافتہ، ہنرمند اور باصلاحیت نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم، تحقیق اور عملی مہارتوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یو ایم ٹی حکومت پنجاب کو طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے 24 گھنٹے مفت مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹیوشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی نوجوانوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ رہنمائی کے لیے اپنی جدید اے آئی ٹیکنالوجی حکومت پنجاب کو فراہم کرے گی، جس کے ذریعے طلبہ اور گریجویٹس کو 24/7 اے آئی ٹیوٹرز اور کیریئر گائیڈنس کی سہولت بلا معاوضہ میسر ہوگی۔
وفاقی وزیر علی ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مصنوعی ذہانت پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید ہنرمندی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ اور انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی صلاحیتیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں اپنی تعلیم و مہارت کے ذریعے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے معزز مہمانانِ خصوصی کو یادگاری سووینئرز پیش کیے۔













