لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں نرسری سے پانچویں جماعت تک کے نئے نصاب میں غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پیکٹا نے نصابی کتب کو غلطیوں سے پاک کرنے کے لیے ریویو کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چھپائی سے قبل تمام سنگین غلطیاں دور کرنے کے لیے نصاب کا مسودہ دوبارہ ماہرین کو بھجوا دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی سال 2027-28 سے پہلی تا پانچویں جماعت کے طلبہ کو نیا اور جدید نصاب پڑھایا جائے گا، تاہم نصاب کی چھپائی میں تاخیر کی صورت میں کتابوں کی بروقت فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پیکٹا کو ہدایت کی گئی ہے کہ نیا نصاب جلد از جلد چھپائی کے لیے فراہم کیا جائے، کیونکہ وقت پر نصاب نہ ملنے کی صورت میں مارچ تک بھی کتابیں مارکیٹ میں دستیاب نہ ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق نجی تعلیمی اداروں میں نیا تعلیمی سال یکم جنوری سے شروع ہوتا ہے، ایسے میں نصابی کتب کی فراہمی میں تاخیر طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔
دوسری جانب پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ نصاب کے ریویو کا کام ایک سے دو ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا، اس حوالے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل پرائمری جماعتوں کا 100 فیصد نصاب مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب ہوگا۔









