شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) پاکستان ووکیشنل ٹریننگ کونسل (PVTC) کے زیرِ اہتمام ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (VTI) شیخوپورہ کے تین سالہ تربیتی پروگرام سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے شیخوپورہ اسٹیڈیم کے آڈیٹوریم میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی سیمینار کا بنیادی مقصد فنی و پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو عملی زندگی میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں صنعتی و کاروباری اداروں سے منسلک کرنا تھا۔
اس موقع پر شریک کمپنیوں کے نمائندگان نے طلبہ و طالبات کے سی وی وصول کیے اور ان کے انٹرویوز بھی کیے، تاکہ ان کی قابلیت، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مطابق ملازمت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
تقریب میں چیئرمین PVTC خالد مسعود چوہدری، سی ای او براق ٹریکٹر محمد وسیم عباس، سینئر مینیجر مارکیٹنگ PVTC مس بشریٰ نواز، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر راجہ زبیر احمد، آر ایس او ریسکیو 1122 غلام مرتضیٰ ڈوگر، ممبران ٹی ایم اے شیخوپورہ محمد اکرم سرہندی، اے ڈی سی فنانس شیخوپورہ میاں محمد نذیر، ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل شیخوپورہ وزیر احمد لاشاری اور ایریا مینیجر PVTC لاہور زون 2 تبارک علی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کے نمائندگان اور منتظمین نے کہا کہ فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے سے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کے مواقع سے جوڑنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیمینار میں شریک کمپنیوں کے ذریعے ادارے کے فارغ التحصیل تقریباً 70 سے 80 فیصد طلبہ و طالبات کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا ہو سکیں گے۔ ان کے مطابق کمپنیوں کے نمائندگان کی جانب سے سی وی وصول کرنے اور انٹرویوز کا انعقاد نوجوانوں کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گا۔












