لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال، جدید تحقیق کے فروغ اور تدریسی نظام میں اصلاحات کے لیے تین روزہ فیکلٹی سمٹ جاری ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا یہ سمٹ 27 سے 29 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین تعلیم شرکت کر رہے ہیں۔
فیکلٹی سمٹ میں اعلیٰ تعلیم کے مستقبل، مصنوعی ذہانت، جدت، تحقیق، تدریسی اصلاحات اور ادارہ جاتی ترقی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ سمٹ میں پروفیسر ڈاکٹر سہیل نقوی، ڈاکٹر عاکف انور چوہدری سمیت دیگر ماہرین تعلیم شریک ہیں، جو تعلیمی شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔
شرکاء کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں فیکلٹی کو عصر حاضر کے علوم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ناگزیر ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری کے لیے اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے، تحقیق پر خصوصی توجہ دینے اور جدید تدریسی طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
شرکاء کے مطابق فیکلٹی سمٹ کے انعقاد سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مؤثر روڈ میپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ سمٹ کے ذریعے تدریسی اصلاحات، تحقیق کے فروغ اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے قابل عمل تجاویز سامنے لانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔









