لاہور (پنجاب پوسٹ) اسیران کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے کی حد 10 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی گئی؛ اہلِ خانہ ایزی پیسہ، جاز کیش اور دیگر بینکنگ ایپس کے ذریعے گھر بیٹھے رقم منتقل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی ہدایات اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں سلیق جلال کے وژن کے مطابق صوبہ بھر کی جیلوں میں اسیران کی فلاح و بہبود اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ: شیر خوار بچی کی حوالگی پر جھگڑے میں 3 خواتین قتل
اسی سلسلے میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور بینک آف پنجاب کے اشتراک سے اسیران کے لیے مالی سہولت میں اہم اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اسیران کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے کی حد 10,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کر دی گئی ہے۔
اس اقدام کا مقصد اسیران کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور اپنے پیاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔
نئی سہولت کے تحت اسیران کے اہلِ خانہ اب گھر بیٹھے ایزی پیسہ، جاز کیش اور دیگر دستیاب بینکنگ ایپس کے ذریعے اپنے پیاروں کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل کر سکیں گے۔ اس طرح رقم جمع کروانے کے لیے بار بار بینک جانے کی ضرورت کم ہوگی اور اسیران تک مالی معاونت کی فراہمی زیادہ سہل ہو سکے گی۔
یہ اقدام اسیران اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے سہولیات میں اضافے، جدید ڈیجیٹل مالیاتی ذرائع کے فروغ اور جیلوں میں فلاحی اقدامات کو مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اسیران کی فلاح و بہبود، ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے اہلِ خانہ کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔














