اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کسان دوست اقدام کرتے ہوئے 2027 کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کر دی۔ گزشتہ سال کی نسبت قیمت میں ایک ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد پیداواری لاگت اور مہنگائی کے دباؤ سے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی زرعی شعبے کے فروغ اور کسانوں کے معاشی تحفظ کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے میں صدر مملکت اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی رہنمائی جبکہ وزرائے اعلیٰ پنجاب اور سندھ کی مشاورت شامل رہی۔
وزیراعظم نے مشاورتی عمل میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو پیداواری لاگت اور مہنگائی سے ریلیف دینا ہے۔ کسانوں کو گندم کی کاشت کی جانب راغب کرنا بھی اس فیصلے کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ نئی قیمت سے کسانوں کو اپنی پیداواری لاگت پوری کرنے اور منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا رہا ہے، جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران گندم درآمد کرنا پڑی۔ ان کے مطابق گندم کی قیمت میں اضافہ ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
حکومت کو توقع ہے کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے سے آئندہ سیزن میں ملک میں گندم کی پیداوار بڑھے گی اور زرعی شعبے کو فروغ ملے گا۔














