ٹوبہ ٹیک سنگھ (پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف کمالیہ کے طلبہ نے فیشن ڈیزائننگ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے اسلو انٹرنیشنل ٹورازم فیسٹیول 2026 میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ جامعات، فیشن برانڈز اور انفرادی ڈیزائنرز سمیت 15 شرکاء کے درمیان مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے طلبہ نے یونیورسٹی کا نام روشن کردیا۔
سپیریئر یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت منعقدہ اسلو انٹرنیشنل ٹورازم فیسٹیول کے دوران اسکول آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام فیشن شو منعقد کیا گیا، جس میں مختلف جامعات، فیشن برانڈز اور انفرادی ڈیزائنرز نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں لاام فیشن ویک کا دوسرا روز، پاکستانی فیشن کے رنگا رنگ ملبوسات کی نمائش
یونیورسٹی آف کمالیہ کے شعبہ ٹیکسٹائل اینڈ فیشن ڈیزائن کے طلبہ نے سربراہ شعبہ ڈاکٹر مدثر محمود کی قیادت میں مقابلے میں حصہ لیا۔ طلبہ نے منفرد ڈیزائنز اور پراعتماد اندازِ پیشکش سے حاضرین کی توجہ حاصل کی اور 15 شرکاء میں دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔ کامیاب ٹیم کو تعریفی سند سے بھی نوازا گیا۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے طلبہ اور ڈاکٹر مدثر محمود کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ نوجوانوں کو جدید، معیاری اور عملی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔














