لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں پہلی مرتبہ پوسٹ گریجویٹ انٹری ٹیسٹ (پی گیٹ) کا انعقاد، لاہور سمیت چار شہروں میں 9 ہزار 8 ڈاکٹروں نے امتحان دیا، نتائج آئندہ ہفتے جاری کیے جائیں گے۔
لاہور میں 4107، ملتان میں 2353، راولپنڈی میں 1516 اور فیصل آباد میں 1032 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔
پی گیٹ میں 4 ہزار 579 خواتین اور 4 ہزار 429 مرد ڈاکٹرز شامل ہوئے، امتحان دو پرچوں پر مشتمل تھا، پہلا جنرل جبکہ دوسرا متعلقہ اسپیشلٹی کا پرچہ تھا۔
ایف سی پی ایس، ایم ڈی، ایم ایس اور ایم ڈی ایس لیول تھری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پی گیٹ پاس کرنا لازمی ہے، پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ اس امتحان کا انعقاد کروایا، اس سے قبل جے کیٹ امتحان لیا جاتا تھا۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر نے پنجاب یونیورسٹی میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پی گیٹ کے شفاف اور محفوظ انعقاد کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے، تمام امتحانی مراکز پر پولیس تعینات رہی جبکہ نادرا، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، واسا اور محکمہ صحت کا عملہ بھی موجود تھا۔
امیدواروں کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے امتحانی مراکز کی نگرانی کی، جبکہ میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو ریجنل فوکل پرسن نامزد کیا گیا تھا۔
امتحان کے دوران یو ایچ ایس کی جانب سے امیدواروں کی جوس اور بسکٹ سے تواضع کی گئی، پی گیٹ کے نتائج کا اعلان آئندہ ہفتے کے دوران کیا جائے گا۔













