لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹھوکر نیاز بیگ چوک پر عوامی رکشہ یونین کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور مبینہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ صدر عوامی رکشہ یونین مجید غوری کا کہنا ہے کہ 280 روپے فی کلو ملنے والی ایل پی جی 650 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جس سے رکشہ ڈرائیوروں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔
عوامی رکشہ یونین کے رہنماؤں کے مطابق اوگرا اور ضلعی انتظامیہ مقررہ نرخوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہیں، جبکہ بڑے ذخیرہ اندوزوں کے بجائے چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ یونین رہنماؤں نے ایل پی جی کی مصنوعی قلت اور مبینہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے اور بڑے گوداموں کی جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔
مجید غوری کا کہنا ہے کہ حکومت ایل پی جی کی مقررہ نرخوں پر فروخت اور مارکیٹ میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ یونین کے مطابق ایل پی جی کی عدم دستیابی اور قیمتوں میں اضافے سے گھریلو صارفین، تندور اور بیکریاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔













