لاہور ہائیکورٹ کا قتل کے مقدمات میں سزا سے متعلق بڑا فیصلہ، عدالت نے پنجاب حکومت سے متعلق کیا کہا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ہائی کورٹ نے قتل کے مقدمات میں سزا سے متعلق بڑا فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت عالیہ نے قتل کی پیشگی منصوبہ بندی ثابت نہ ہونے پر ملزم کی عمر قید کی سزا ختم کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب سینٹینسنگ ایکٹ 2019 کا اطلاق ایسے مقدمات پر نہیں ہوتا جن میں سزائے موت مقرر ہو۔

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو قتل کے مقدمات میں سزا کے تعین سے متعلق قانونی اصلاحات پر غور کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: دیپالپور قتل کیس: لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی عمر قید برقرار رکھ دی، مقتول کی بیوہ کی سزائے موت کی اپیل بھی خارج

جسٹس محمد امجد رفیق نے فیصلے میں کہا کہ پنجاب سینٹینسنگ ایکٹ میں عدالتی صوابدید کی گنجائش پیدا کرنے کے لیے ترامیم کی جائیں۔ عدالتی حکم نامے میں سزا مقرر کرنے سے پہلے ملزم کو الگ سماعت کا موقع دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

کیس کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی سزا دفعہ 302 (ب) سے تبدیل کرکے دفعہ 302 (سی) تعزیرات پاکستان کے تحت کردی۔ عدالت نے ملزم کی سزا پہلے سے کاٹی گئی قید کی مدت تک محدود کردی۔ فیصلے کے مطابق ملزم 12 سال، 11 ماہ اور 2 دن قید کاٹ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ کی وفاقی حکومت کو 3 نومبر تک جواب جمع کرانے کی مہلت

جسٹس محمد امجد رفیق نے ملزم کی جیل اپیل جزوی طور پر منظور کرلی۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ قتل کی باقاعدہ سازش یا پیشگی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد نہیں ملے۔ لڑکوں کے دو گروپوں میں رقابت کی بنیاد پر قتل کو پہلے سے طے شدہ منصوبہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ملزم نے اچانک تصادم کے دوران ہاکی کا ایک وار کیا۔ چشم دید گواہوں کی شہادت طبی شواہد سے مطابقت رکھتی ہے۔ مقتول کے سر پر ہاکی کا وار جان لیوا ثابت ہوا۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں مقتول کے ورثا کو 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے، تاہم معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔

عدالت نے سزا میں ترمیم کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا ریکارڈ واپس بھجوانے کا حکم دے دیا

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے