لاہور (پنجاب پوسٹ)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوستی، سی پیک، معاشی ترقی، لا اینڈ آرڈر، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک چین دوستی اور سی پیک
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ خاندان سے خاندان اور نسل در نسل محبت، اعتماد اور دوستی کا مضبوط رشتہ ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
کاروبار دوست معاشی تبدیلی کا ہدف
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ برآمدات میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔
ماحولیاتی تحفظ اور سموگ کا تدارک
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین کے تعاون سے اگلے سال انٹرنیشنل سطح کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ پنجاب میں ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھا کر 69 کر دی گئی ہے، جبکہ 100 اسٹیشنز کا ہدف مقرر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لیے سال بھر اقدامات جاری ہیں، جن میں ماحول دوست ٹیکنالوجی اور مؤثر نگرانی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
فصلوں کی باقیات اور گرین انرجی
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ سپر سیڈرز اور بیلرز کے استعمال سے فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے، جبکہ زرعی باقیات کو معاشی وسائل میں تبدیل کرنے پر ٹرینڈ سیٹنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم
نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گرین انرجی اور ای موبلٹی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفر کی جانب اہم قدم ہے۔
صحت اور تعلیم
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں اور ضلعی کینسر مراکز کے قیام پر کام جاری ہے۔ صحت اور تعلیم میں اصلاحات حکومت کی اہم ترجیح ہیں۔
چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا اظہارِ تعریف
چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے پاک چین تعاون کے فروغ میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔آخر میں سینئر صوبائی وزیر نے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔









