فلم انڈسٹری کے بارے میں بہت تحقیق کی، میری والدہ کو انڈسٹری کے بارے میں کافی معلومات تھیں، مریم اورنگزیب

لاہور (پنجاب پوسٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے یہ سنہری دور ہے، اگر اب فلم انڈسٹری اپنے قدموں پر کھڑی نہ ہوئی تو پھر کبھی نہیں ہو سکے گی۔ پنجاب حکومت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فلم سٹی تعمیر کر رہی ہے جبکہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے امجد فرزند اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تقریب میں سینئر اداکاروں اور فنکاروں کی موجودگی خوش آئند ہے۔ فلم انڈسٹری سے ان کی وابستگی کا سفر 2014 میں شروع ہوا، جبکہ فلم انڈسٹری کے بارے میں جاننے کے لیے انہوں نے بہت تحقیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کو بھی فلم انڈسٹری کے بارے میں کافی معلومات تھیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی پہلی فلم پالیسی 2017 میں متعارف کرائی گئی، جس کے تحت فلم انڈسٹری کو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی۔ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے مختلف مراعات متعارف کرائی گئیں اور آرٹسٹ کارڈ بھی متعارف کرایا گیا۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ پر ٹیکس نہیں لیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل فلم انڈسٹری لاہور میں تھی، لیکن فلم انڈسٹری کا پورا نظام متاثر ہوا ہے اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔ فلم انڈسٹری کبھی یکجا ہو کر ایک پلیٹ فارم پر نہیں آئی، حالانکہ یہ آمدن پیدا کرنے والا ایک اہم شعبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلموں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی فلم انڈسٹری ایک شاندار ورثے کی امین ہے اور پاکستان کو اس کے ثقافتی ورثے اور فنون کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جانا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب حکومت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فلم سٹی تعمیر کر رہی ہے، جہاں جدید آلات کے استعمال کے لیے تربیت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 35 فلم سازوں کو شفاف طریقے سے حکومتی فنڈنگ فراہم کی گئی ہے جبکہ باکس آفس پر ہونے والے کاروبار کا 25 فیصد حکومت فراہم کرے گی۔ پاکستان میں ون ڈالر سینما کا تصور بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ فلم انڈسٹری کو فروغ دیا جا سکے۔

سینئر صوبائی وزیر نے امجد فرزند پر زور دیا کہ وہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے روڈ میپ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی اور اس مقصد کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم پر کام کرنا ضروری ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت سے اسموگ میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ سب مل کر دنیا کو پاکستان کا اصل اور مثبت چہرہ دکھائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے