فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) ایل پی جی (LPG) کی زائد قیمتوں اور گیس مافیا کی من مانیوں کے خلاف آٹو رکشہ ڈرائیوروں نے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے پر ضلع کونسل چوک میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
احتجاج کے دوران رکشہ ڈرائیوروں نے چوک کو تمام اطراف سے رکشے کھڑے کر کے مکمل طور پر بند کر دیا، جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 280 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن شہر بھر میں دکاندار اور ایجنٹس من مانے ریٹس وصول کر رہے ہیں اور گیس 480 روپے سے لے کر 600 روپے فی کلو تک میں فروخت کی جا رہی ہے۔ رکشہ ڈرائیوروں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی نے عام اور مزدور طبقے کی کمر توڑ رکھی ہے، اس پر ایل پی جی کی نفع خوری نے ان کا روزگار کمانا بھی محال کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور شہر 3 ہزار 242 دکاندار مہنگائی میں ملوث،سزا کیا دی گئی؟
مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ فیصل آباد سے فوری اپیل کی ہے کہ وہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی ایکشن لیں اور رکشہ ڈرائیوروں کو سرکاری نرخوں پر گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔













