قصور (پنجاب پوسٹ) ضلع قصور سے لاہور پتنگ بازی کے سامان کی سپلائی ناکام ہوگئی۔پولیس اہلکار سمیت 5 ملزمان گرفتار ہو گئے۔تھانہ پرانی انارکلی پولیس نے پتنگ بازی کا سامان سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا۔آن لائن سپلائی چین توڑنے کے لیے پولیس نے خریدار بن کر ملزمان سے چرخیاں منگوائیں۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان قصورسے ممنوعہ چرخیاں لے کر لاہور میں فروخت کرنے آئے تھے۔ملزمان گاڑی میں چرخیاں لے کر سپلائی کرنے پہنچے تو پولیس نے دھر لیا۔ملزمان میں پولیس کانسٹیبل حذیفہ، اس کا والد، 2 بھائی اور ایک دوست شامل ہیں۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل حذیفہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لیبارٹری میں تعینات ہے۔تھانہ پرانی انارکلی میں مقدمہ نمبر 832/26 درج کیا گیا اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔غیر قانونی خرید و فروخت اور سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والا پولیس اہلکار بھی قانون کی گرفت سے بالاتر نہیں۔وردی قانون کی پاسداری کی ذمہ داری ہے، قانون شکنی کا استحقاق نہیں۔پتنگ بازی کے سامان کی سپلائی چین کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔











