لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب کا "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کی روشن مثال بن گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت قرض حاصل کرنے والے خاندانوں سے براہِ راست رائے لینے کے لیے وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے خود ٹیلی فونک رابطے کیے۔
صوبائی وزیر نے مستفید خاندانوں سے گھروں کی تعمیر میں پیش رفت اور موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بہاولپور کے رہائشی مختار احمد اور ساہیوال کی ساجدہ پروین سے خود بات کر کے ان کے گھروں کی تعمیر کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سرگودھا کے رہائشی سام سانگ سے بھی بلاسود قرض سے تعمیر ہونے والے گھر کے بارے میں سوالات کیے گئے۔
بلال یاسین نے قرض لینے والے افراد سے پوچھا کہ کیا انہیں قرض کے حصول کے لیے کسی سفارش کی ضرورت پڑی یا کسی سطح پر رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔ تمام افراد نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ انہیں مکمل میرٹ اور شفاف طریقے سے قرض فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ ایسا غریب دوست اور میرٹ پر مبنی منصوبہ نہ کسی سیاسی حکومت نے سوچا اور نہ ہی لوگوں کو اس پر یقین آتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 2 لاکھ 23 ہزار مستحق خاندانوں کو 220 ارب 98 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے دیے جا چکے ہیں۔
ڈویژن وار اعداد و شمار
سرگودھا ڈویژن: 29 ہزار 658 خاندان
راولپنڈی ڈویژن: 26 ہزار 903 خاندان
ڈیرہ غازی خان ڈویژن: 26 ہزار 878 خاندان
گوجرانوالہ ڈویژن: 26 ہزار 165 خاندان
لاہور ڈویژن: 25 ہزار 468 خاندان
فیصل آباد ڈویژن: 25 ہزار 402 خاندان
بہاولپور ڈویژن: 21 ہزار 804 خاندان
ساہیوال ڈویژن: 13 ہزار 584 خاندان
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پروگرام کے بارے میں عوامی فیڈ بیک کے لیے تمام اضلاع سے قرض لینے والے خاندانوں سے براہِ راست معلومات حاصل کی جائیں، تاکہ منصوبے کی شفافیت برقرار رہے اور عوام کی شکایات و تجاویز پر بروقت عمل کیا جا سکے۔











