لاہور(پنجاب پوسٹ)سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ فالکن، بٹیر اور دیگر جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار اور نیٹنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ریجن میں وائلڈ لائف رینجرز نے مؤثر کارروائیاں کیں۔
ان کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 12 معاون شکاری پرندے بازیاب کرائے گئے اور 23 نیٹنگ گیئرز ضبط کیے گئے۔ غیر قانونی شکار میں ملوث 6 ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2 ملزمان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
مزید 3 ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔رحیم یار خان میں فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2 شکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان سے 2 کیسٹرل، ایک باز، 7 کبوتر، ایک فاختہ اور ایک بٹیر برآمد ہوئے۔ملتان میں ایک ہوٹل سے بٹیر کے گوشت سے تیار پکوان برآمد کیا گیا، جس پر ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
بہاولپور ریجن میں غیر قانونی نیٹنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 5 نیٹنگ گیئرز ضبط کیے گئے، جبکہ ڈی جی خان ریجن میں بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کے خلاف کارروائی میں 17 نیٹنگ گیئرز قبضے میں لیے گئے۔مظفرگڑھ میں مرغابی کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2 شکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان سے 2 بیٹریاں، 2 کٹس اور 4 کارتوس برآمد ہوئے۔ ایک ملزم کو 60 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ دوسرے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
راجن پور میں مرغابی کے غیر قانونی شکار میں ملوث 3 شکاری گرفتار ہوئے، جن سے اسلحہ، 27 کارتوس اور دیگر آلات برآمد کیے گئے۔سیالکوٹ میں مرغابی کے غیر قانونی شکار پر ایک ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ساہیوال میں فالکن کے غیر قانونی شکار پر نیٹنگ گیئر ضبط کیا گیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق پنجاب بھر میں جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار اور نیٹنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 250 کاروباری اداروں کو نوٹسز، 30 پر جرمانے عائد










