سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تحصیل ڈسکہ میں اوورسیز پاکستانی خاندان کے گھر چوری کی بڑی واردات ٹریس کر لی گئی، تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے کراچی سے دو خواتین ملزمان کو گرفتار کرکے چار کروڑ روپے مالیت کا 65 تولے چوری شدہ سونا مکمل برآمد کر لیا۔
اٹلی میں مقیم اوورسیز پاکستانی خاندان کے ڈسکہ کے محلہ اسلام خان میں واقع گھر میں 12 اگست 2026 کو چوری کی واردات ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان عائشہ عرف عاشی اور سعدیہ عرف سابو گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھیں، جو موقع ملنے پر طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فونز چوری کرکے فرار ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، بھرے بازار میں جین زی لڑکیوں کو لوٹنے والی ” چور آنٹیاں” کیسے پکڑی گئیں؟
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور مالِ مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیا۔ ڈی ایس پی ڈسکہ ملک خدا بخش کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈسکہ انسپکٹر نعمان بٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی شواہد کی مدد سے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا۔
پولیس ٹیم نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سراغ رسانی کے بعد کراچی سے دونوں خواتین ملزمان کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ 65 تولے سونا مکمل برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کے علاقے ڈیفنس سی سے نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، قتل کا مقدمہ درج
ڈی پی او سیالکوٹ نے کامیاب کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھریلو ملازمین رکھنے سے قبل ان کی شناخت اور سابقہ ریکارڈ کی تصدیق ضرور کروائیں۔









