لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈیفنس سی کے علاقے سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے اے ایس آئی احمد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق باؤ والا میں عبداللہ گل انٹرچینج کے قریب نامعلوم خاتون کی لاش پڑی تھی، جس پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔ خاتون کی عمر 40 سے 42 سال کے درمیان بتائی گئی ہے، تاہم تاحال اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کو مبینہ جنسی زیادتی کے بعد قتل کرکے لاش وہاں پھینکی گئی۔ پولیس نے خاتون کے ورثا کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل حقائق خاتون کی شناخت اور مزید تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔











