ہر گھر اہم، ہر بیٹی اہم: لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں شروع کیا گیا ’’شمار‘‘ پروگرام کیا ہے؟

لاہور(پنجب پوسٹ) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اہم منصوبے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) کے تحت ’’شمار‘‘ (SHUMAR) پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد حکومت اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور مستند اعداد و شمار کی مدد سے عوام کی ضروریات کے مطابق بہتر حکومتی پالیسیاں بنانا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی سرپرستی میں شعبہ معاشیات کے زیرِ اہتمام ’’جامع ترقی کے لیے مستند اعداد و شمار کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر سیمینار اقراء آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے ہمیشہ خواتین کی تعلیم اور قیادت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی اسی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور آج وہ صوبے میں عوامی فلاح و بہبود اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایجوکیشن سسٹم میں سپورٹس انقلاب لا رہے ہیں، "ینگ چیمپئنز” کی گرومنگ کیلئے "کھیلتا پنجاب پروگرام” کامیابی سے جاری ہے، وزیر تعلیم

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی درسگاہ سے اس اہم پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے، جس سے طالبات کو حکومتی منصوبوں، تحقیق اور پالیسی سازی کے بارے میں براہِ راست جاننے کا موقع ملے گا۔

پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے پراجیکٹ ڈائریکٹر قمر زمان قیصرانی نے ’’پنجاب کی حقیقی تصویر: گھروں کی گنتی سے ان کے حالات کو سمجھنے تک‘‘ کے عنوان سے خصوصی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں مختلف سرکاری محکموں کے پاس عوام کے نامکمل یا پرانے ریکارڈ موجود تھے، جس کی وجہ سے مستحق افراد تک حکومتی امداد پہنچانے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی رہنمائی میں پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے ذریعے صوبے کے گھرانوں کی معاشی اور سماجی صورتحال کا جامع ریکارڈ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ حکومتی امداد، سبسڈیز اور دیگر سہولیات شفاف طریقے سے مستحق افراد تک پہنچائی جا سکیں۔

قمر زمان قیصرانی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ان اعداد و شمار کو اپنی تحقیق میں استعمال کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں حکومتی سبسڈیز بھی اسی ڈیٹا کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سروے کی تکمیل سفر کا اختتام نہیں بلکہ عوام کے لیے بہتر فیصلوں اور مؤثر نظامِ حکمرانی کی ابتدا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب یونیورسٹی میں پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح، 114 سے زائد اسٹالز سج گئے

شعبہ معاشیات کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ معاشی تحقیق اور مؤثر منصوبہ بندی کے لیے درست اعداد و شمار نہایت ضروری ہیں۔ ماضی میں طلبہ اور محققین کو محدود معلومات اور اندازوں کی بنیاد پر معاشی حالات کا جائزہ لینا پڑتا تھا، تاہم پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے ذریعے طالبات اور محققین کو صوبے کے حقیقی معاشی اور سماجی حالات کو سمجھنے اور ان پر تحقیق کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے ایڈووکیسی اسپیشلسٹ سعد اے شیخ نے کہا کہ PSER صرف ایک سروے نہیں بلکہ ایک جدید ڈیجیٹل نظام ہے جو مختلف سرکاری منصوبوں کے لیے عوام کی ضروریات سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’شمار‘‘ پروگرام کے ذریعے جامعات، اساتذہ اور طالبات کو اس نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ تحقیق اور معلومات کی بنیاد پر عوامی مسائل کا بہتر حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے اس پروگرام کے انعقاد پر وائس چانسلر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی بیٹیاں جنگلات کی محافظ، 212 خواتین ٹمبر مافیا کو کیسے قابو کریں گی؟

تقریب کے اختتام پر ’’آسک دی رجسٹری‘‘ (Ask the Registry) کے عنوان سے سوال و جواب کی خصوصی نشست ہوئی، جس میں اساتذہ اور طالبات نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سے رجسٹری کے طریقۂ کار، عوامی فلاحی منصوبوں اور اعداد و شمار کے استعمال کے بارے میں مختلف سوالات کیے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے اختتامی کلمات میں پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کی ٹیم، اساتذہ اور طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور جامعات کے درمیان اس نوعیت کا تعاون تحقیق کے فروغ، بہتر پالیسی سازی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

این اے 77 انتخابات دھاندلی، مرکزی مسلم لیگ نے ویڈیو ثبوت میڈیا کے سامنے رکھ دیئےمرکزی مسلم لیگ جیت چکی،نتائج مسترد، تمام فورمز پر جائیں گے،حق لے کر رہیں گے، فیصل ندیم عظمیٰ بخاری پروپیگنڈہ کر رہی،شکست سے خوفزدہ ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکارہے، ترجمان مرکزی مسلم لیگ

Read More »

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے