لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب یونیورسٹی میں یومِ اقبال کی مناسبت سے علامہ اقبال کیمپس میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی، سینئر صحافی سلمان غنی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمود سلیم، ڈی جی ریحان صادق شیخ، ڈینز، صدور شعبہ جات اور اساتذہ نے شرکت کی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی
علامہ اقبال کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات پنجاب یونیورسٹی میں سال بھر منائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی سو سالہ تقریبات بھی جامعہ پنجاب میں منعقد کی گئی تھیں۔ علامہ اقبال جامعہ پنجاب کے طالبعلم، معلم، محقق، ممتحن اور نصاب ساز رہے۔ علامہ اقبال عظیم مفکر، شاعر، اسلامی اسکالر، صوفی اور سیاستدان تھے۔ ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ دنیا میں جتنے بڑے لوگ پیدا ہوئے، ان میں علامہ اقبال شامل ہیں۔ علامہ اقبال کی فکر کا مکمل احاطہ کرنا ممکن ہی نہیں۔
ہم علامہ اقبال کے شایان شان خراج تحسین پیش کر ہی نہیں سکتے۔ پنجاب یونیورسٹی کو اقبال کے افکار کی روشنی میں پاکستانیت کا مرکز بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال کا شعر ہے جوانوں کو پیروں کا استاد کر۔ جامعات نوجوانوں کو اس قابل بنائیں کہ وہ نظریہ اقبال کے مطابق ہماری رہنمائی کریں۔ نوجوان ترقی یافتہ اور پر امن پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جامعات سے وابستہ تمام افراد کی کردار سازی پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے۔ تقریب میں جامعہ پنجاب کی میوزک سوسائٹی نے کلام اقبال پیش کیا۔













