سرگودھا(پنجاب پوسٹ)جمعیت علماء اسلام (ف) کو اس وقت سیاسی دھچکا لگا جب پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد فہد حمید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا استعفیٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ مہ گوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔
وائرل تحریر کے مطابق محمد فہد حمید نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا ہے۔ تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ پارٹی کا کوئی بھی ذمہ دار اس استعفے کی تصدیق یا تردید کرنے کو تیار نہیں، جس کے باعث صورتحال مزید مبہم ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 26 نومبر کو جلسہ عام کا اعلان کر رکھا ہے۔ لیکن سرگودھا میں تاحال نہ تو جلسے کی منظوری کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے آئی ہے اور نہ ہی کوئی تیاری دکھائی دیتی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ایسے وقت میں ضلعی سطح کے اہم عہدیدار کا استعفیٰ پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔












