لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے این اے 77 میں مبینہ دھاندلی کے شواہد میڈیا کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات پنجاب فیصل ندیم نے اعلان کیا ہے کہ انتخابی نتائج کو ہر فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔
لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں این اے 77 سے مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار ابراہیم گجر اور پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ ملک اور صوبے کو ترقی کی منزل تک پہنچانے کا دعویٰ کرنے والوں کا اصلی چہرہ اس حلقے میں بے نقاب ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی کے باعث پیدا ہونے والے غم و غصے میں عوام نے مرکزی مسلم لیگ کی حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ن لیگ کو توقع تھی کہ وہ حلقے میں آئے بغیر ہی الیکشن جیت جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ماضی کی طرح الیکشن لڑنے کے بجائے اسے مینج کرنے کی کوشش کی۔
پارٹی رہنما کے مطابق 283 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج آنے تک مرکزی مسلم لیگ کو برتری حاصل تھی، تاہم پچاس پولنگ اسٹیشنوں پر مبینہ دھاندلی کے ذریعے انہیں ہرا دیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولنگ کے دن پنجاب پولیس کو ن لیگ نے اپنی نجی سیکیورٹی بنا رکھا تھا، جبکہ پولیس اہلکار پولنگ اسٹیشنوں کے اندر ووٹروں میں ن لیگ کے پمفلٹ تقسیم کرتے رہے۔
فیصل ندیم نے واضح کیا کہ مرکزی مسلم لیگ اس مبینہ دھاندلی کے خلاف ہر فورم پر جائے گی اور ذمہ داروں کا پیچھا کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو مبینہ دھاندلی کے ثبوت بھی دکھائے۔












