لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ہر شہری کا مسئلہ توجہ سے سنا اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں ایک متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس نے پلاٹ کی خریداری کے لیے 95 لاکھ روپے مالیت کی تین گاڑیاں دیں، مگر نہ اسے پلاٹ ملا اور نہ ہی گاڑیاں واپس کی گئیں۔ فیصل کامران نے ایس ایچ او کاہنہ کو ہدایت کی کہ 7 روز کے اندر شواہد کی روشنی میں کارروائی کی جائے۔
ایک اور شکایت میں شہریوں نے بتایا کہ سود خور انہیں دھمکیاں دے رہا ہے اور زیرِ سماعت مقدمے میں گواہی سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔ شہریوں نے پولیس سے تحفظ کی اپیل کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او نشتر کالونی اور ایس ایچ او کاہنہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
بدمعاشی اور ہراسانی کی شکایت پر ڈی آئی جی نے ایس ایچ او ہنجروال کو حکم دیا کہ شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے۔ اسی طرح گروی مکان کی رقم میں خوردبرد اور تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر بروقت قانونی کارروائی اور داد رسی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں اور ہراسانی کے شکار شہریوں کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا قانونی حل نکالنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری روزانہ دوپہر ایک سے تین بجے تک کھلی کچہری میں اپنی شکایات پیش کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک مقیم شوہر خرچہ نہیں دیتا، خاتون کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز کا فوری ایکشن













