لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی جانب سے شہریوں کی سہولت کیلئے روزانہ کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے، کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں پر فوری احکامات جاری کیے گئے۔
کھلی کچہری میں خاتون نے بیرون ملک مقیم شوہر کی جانب سے خرچہ نہ دینے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس ایچ او شاہدرہ کو مصالحت کی ہدایت کی۔
پلاٹ پر قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او ہیر کو قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا، جبکہ وراثتی جائیداد میں حصہ نہ ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او نولکھا کو مصالحت کی ہدایت کی گئی۔
رقم ادا کرنے کے باوجود گروی مکان نہ ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او بھاٹی گیٹ کو کارروائی کا حکم دیا گیا، جبکہ ڈیڑھ کروڑ روپے ادا کرنے کے باوجود زمین نہ ملنے کی درخواست پر ایس ایچ او مناواں کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، 39 افراد گرفتار
سود خوری کی شکایت پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو بھی قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ہر درخواست پر میرٹ اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
فیصل کامران نے کہا کہ شہری بلاخوف اپنی شکایات پیش کریں، انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔













