سی ایم پنجاب یوتھ گیمز: پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 نومبر

لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ "سی ایم پنجاب یوتھ گیمز” کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں رجسٹریشن، انتظامی امور اور مقابلوں کے شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 نومبر 2026 ہوگی اور اس میں کسی صورت توسیع نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن اور انتظامی تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز دنیا بھر کے ریکارڈ توڑنے والا تاریخی اسپورٹس فیسٹیول ہوگا۔ ان کے مطابق ایک کروڑ کھلاڑیوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، جبکہ گراؤنڈ میں پچاس لاکھ کھلاڑی کھیلتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم بھی ایونٹ کا مشاہدہ کرنے کے لیے آئے گی۔

صوبائی وزیر نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ یوتھ گیمز میں شرکت کے موقع سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سوموار کو تیاریوں اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں میں رجسٹریشن کے تکنیکی امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کے مقابلے یونین کونسل سے صوبائی سطح تک منعقد ہوں گے، جبکہ انٹر ڈویژنل فائنل مقابلے جنوری 2027 میں لاہور میں ہوں گے۔ مدارس، اسپیشل اسکولز اور پرائمری سے یونیورسٹی تک کے طلبہ کو کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم دیگر صوبوں کے نوجوان بھی ان گیمز میں شرکت کر سکیں گے۔

صوبائی وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ یوتھ گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے تعلیمی اداروں کو خصوصی انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا یکساں موقع ملے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 9 لاکھ 6 ہزار نوجوان رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ 62 ہزار تعلیمی ادارے ان گیمز میں حصہ لیں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری اسپورٹس، ڈی جی اسپورٹس، وائس چیئرمین اسپورٹس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اسکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، ہوم، لوکل گورنمنٹ، لیبر، سوشل ویلفیئر اور پی آئی ٹی بی کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جبکہ پنجاب بھر کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے