پنجاب بھر میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف محکمہ تحفظ ماحولیات کا کریک ڈاؤن

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف محکمہ تحفظ ماحولیات کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کی ہدایت پر صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، غیر معیاری پلاسٹک کے استعمال اور دھواں چھوڑنے والے کمرشل پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 233 صنعتی یونٹس اور 434 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن کی گئی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 11 صنعتی یونٹس اور بھٹوں کو مسمار جبکہ 16 یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے ساتھ لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

صوبے بھر میں غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں کے دوران 198 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 2 ہزار 519 کلوگرام غیر معیاری پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

دھواں چھوڑنے والے باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 145 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی پر 9 مقامات کو سیل کر دیا گیا۔ سموگ کی روک تھام کے لیے 79 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ دھوئیں کے اخراج کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

فیلڈ انفورسمنٹ کارروائیوں کے دوران 17 ٹن فیلڈ انفورسمنٹ کا فضلہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ محکمہ ماحولیات نے غیر قانونی طور پر طبی فضلہ تلف کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انسانی صحت اور ماحول کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔

دوسری جانب لاہور میں غیر قانونی ویسٹ ڈمپنگ سائٹس پر آگ لگنے اور دھواں اٹھنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ نے غیر قانونی ڈمپنگ سائٹس کی مسلسل نگرانی اور متعلقہ اداروں کی جواب دہی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

ڈی جی ماحولیات کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ڈمپنگ سائٹس پر آگ لگنے یا دھواں اٹھنے کا کوئی واقعہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق کمزور ہواؤں کے باوجود آلودگی پھیلانے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈرون اسکواڈ، نائٹ اسکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحولیات نے واضح کیا ہے کہ سموگ سیزن سے قبل آلودگی کے تمام بڑے ذرائع کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے