سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر خاور حسین پال کی قیادت میں وفد نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا سے ملاقات میں ٹیکس امور، کاروباری برادری کے مسائل اور ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنانے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی فوری رجسٹریشن اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کاروباری برادری کو پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز کے قوانین، طریقہ کار اور ٹیکس ادائیگیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے امور زیرِ بحث آئے۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کاروباری برادری کے ٹیکس سے متعلق مسائل اور تحفظات کے حل کے لیے باہمی رابطوں کو فروغ دیا جائے گا۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگیوں کے فروغ کے لیے چیمبر آف کامرس کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکس سسٹم اور ٹیکس امور میں شفافیت بڑھانے کے لیے باہمی اعتماد کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے۔
ملاقات میں ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لیے تجاویز پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی فوری رجسٹریشن کے حوالے سے پی آر اے اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے درمیان اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی نو منتخب قیادت نے چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کو چیمبر کے دورے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ ٹیکس کلچر کا فروغ اور کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔









