لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع مائیکرو پلان طلب کرتے ہوئے ستھرا پنجاب کے ورکرز اور مشینری ایک ہفتے میں پوری کرنے کا ہدف دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے کام نہ کرنے والی نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے اور ناکارہ کمپنیوں کی جگہ ایک ہفتے میں سیلف آپریشن فعال کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال سے متعلق رپورٹس چیک کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے اگلے ہفتے تک صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب کی مکمل پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔
اجلاس میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کے واجبات اور تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ وزیراعلیٰ نے ورکرز کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹرز کے ذمے واجبات کی سزا ستھرا پنجاب کے ورکرز کو دینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے قانونی راستہ نکالنے کی ہدایت کی، جبکہ نادہندہ کمپنیوں سے ورکرز کے واجبات ریکور کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب بیٹ سسٹم نافذ کرنے کے لیے سات دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہر تحصیل میں ہیومن ریسورس، بیٹ مشینری اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی ہفتہ وار تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 80 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو وارننگ دی جائے، جبکہ 50 فیصد سے کم کارکردگی پر متعلقہ کمپنیوں کو فارغ کر دیا جائے۔
مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں کم از کم متبادل ایام میں صفائی یقینی بنانے اور کچرے کے ڈھیر اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہر تحصیل میں صفائی نہ ہونے پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ستھرا پنجاب انچارج کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کے لیے خصوصی ایپ متعارف کرانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: رائیونڈ میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ متحرک ہیں اور اب تک 264,000 وزٹ کیے جا چکے ہیں۔ اسکواڈز نے صفائی کے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر وارننگز جاری کرنے کے ساتھ شہریوں میں آگاہی بھی فراہم کی۔ اجلاس میں ویسٹ کلیکشن اور ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلع چکوال میں صفائی کی بہتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی۔













