لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) کے 9ویں اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 63 ہزار 50 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔
اجلاس میں تین بڑی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ ان میں سب سے بڑا منصوبہ راولپنڈی رنگ روڈ R-3 کی بنتھ سے تھلیاں تک تعمیر ہے، جس کی لاگت 51 ہزار 326 ملین روپے مقرر کی گئی ہے۔ ضلع خوشاب میں مظفرگڑھ روڈ (جوہرآباد تا چوک گروٹ) کی دو رویہ تعمیر کے لیے 3 ہزار 724 ملین روپے منظور کیے گئے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کے "پلانٹ فار پاکستان” پروگرام (نظرثانی شدہ) کے لیے 8 ہزار ملین روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں متعدد ترقیاتی سکیموں کے پوزیشن پیپرز کی بھی منظوری دی گئی۔ پنگاسیئس اور دیگر قیمتی مچھلیوں کی ہیچری سہولیات کے قیام، وزیراعلیٰ یوتھ انگیجمنٹ پروگرام اور سیف سٹی کچہ ایریا کے لیے آسامیوں کی تخلیق اور گاڑیوں کی خریداری کے پوزیشن پیپرز منظور کیے گئے۔
مزید برآں، پیفٹیک میں اے آئی ہب کے قیام اور پنجاب لیگل ایڈ اینڈ اسسٹنس پورٹل کے لیے آسامیوں کی تخلیق کے پوزیشن پیپرز کی منظوری دی گئی۔ پنجاب بھر میں درست صنعتی اخراج کے انتظام کو فعال بنانے کے لیے اے آئی پر مبنی کاربن مینجمنٹ اینڈ اکاؤنٹنگ پلیٹ فارم (CMAP) کے استعمال کے منصوبے میں بھی آسامیوں کی تخلیق کا پوزیشن پیپر منظور ہوا۔
اسی طرح فیصل آباد، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کے پروگرام اور "سپارک: علم کے لیے پائیداری سے متعلق منصوبہ بندی اور عملی تحقیق” کے لیے بھی آسامیوں کی تخلیق کے پوزیشن پیپرز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی، چیف اکانومسٹ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔













