پنجاب،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا آٹھواں اجلاس ، 27 ارب 60 کروڑ 50 لاکھ روپے کے 10 ترقیاتی منصوبے منظور

گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ)پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب کی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے اپنے آٹھویں اجلاس میں مختلف شعبوں کے 10 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 27 ارب 60 کروڑ 50 لاکھ روپے کی منظوری دے دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ورکنگ پارٹی نے ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالہ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی اور اس کے لیے ایک ارب 78 کروڑ 10 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت منظور کی۔

اسی طرح مری میں پنجاب ہاؤس کے نئے بلاکس کی تعمیر کے نظرثانی شدہ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے لیے ایک ارب 26 کروڑ 90 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت منظور ہوئی۔ پنجاب میں گارمنٹ سٹیز کے قیام کے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری بھی دی گئی اور اس کی نظرثانی شدہ لاگت 4 ارب 56 کروڑ 90 لاکھ روپے مقرر کی گئی۔

صوبے بھر کے خصوصی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم خصوصی طلبہ کے لیے چیف منسٹر میل پروگرام کی منظوری دی گئی، جس کی نظرثانی شدہ لاگت ایک ارب 7 کروڑ روپے مقرر کی گئی۔ صحت کے شعبے میں گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جس کی لاگت 14 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔

لاہور میں حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک سٹورم واٹر ڈرینج سسٹم کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جس کی نظرثانی شدہ لاگت 4 ارب 91 کروڑ 60 لاکھ روپے منظور ہوئی۔ اس منصوبے کے تحت بارشی پانی کی نکاسی کے لیے حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک ڈرینج سسٹم قائم کیا جائے گا۔

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے مزید چار ترقیاتی منصوبوں کے پوزیشن پیپرز بھی منظور کیے۔ ان میں ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈیپارٹمنٹ میں اسٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ کے قیام، ٹورازم اینڈ ہیریٹیج ڈویلپمنٹ فورس کے قیام (جس کے ذریعے پنجاب کے تاریخی اور تعمیراتی ورثے کی بحالی کا پروگرام بنایا جائے گا)، چیف منسٹرز پروگرام فار کریئیشن آف ماڈل ویلیجز (مثالی گاؤں) اور بزنس ڈویلپمنٹ سیل کے قیام کے ساتھ ٹی اے ایم ڈیپارٹمنٹ کی آئی ٹی استعداد مضبوط بنانے کے پوزیشن پیپرز شامل ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ رفاقت علی نے شرکت کی۔ چیف اکانومسٹ ڈاکٹر فرخ نوید اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ مختلف صوبائی محکموں کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے