راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور بہاولپور میں کینسر سینٹرز ، راولپنڈی، بہاولپور اور لاہور میں چلڈرن ہسپتال بنائے جائیں گے، خواجہ سلمان رفیق

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی وائس پریذیڈنٹ ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملاقات اور ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وفد میں سینئر سوشل سیکٹر سپیشلسٹ ہڈو ہوٹزنگ، فلپ کالپیکسز، سینئر پراجیکٹ آفیسر منصور علی مسعود، کنسلٹنٹ جواد قریشی اور کنسلٹنٹ علی شیخ شامل تھے۔ ملاقات میں پنجاب کے ٹرشری ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ٹرشری ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کی مضبوطی کیلئے تعاون کی پیش کش پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں نئے کارڈیک، کینسر اور چلڈرن ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ کارڈیالوجی (امراضِ قلب)، پیڈیاٹرکس (بچوں کے امراض) اور آنکولوجی (کینسر) کی ٹرشری سطح پر سہولیات کو بتدریج بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ٹرشری کیئر ہسپتالوں کے آئی سی یو اور ضرورت کی بنیاد پر ایمرجنسی وارڈز کی اپ گریڈیشن بھی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کے ہسپتالوں میں ریفرل سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور، جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور، فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، چوہدری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان، ایس ایم کے بی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈی جی خان، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، سی پی ای آئی سی وزیرآباد، پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بہاولپور، نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ساہیوال/سرگودھا) اور ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب گوجرانوالہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بھی تعمیر کر رہی ہے۔

چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہور، چلڈرن ہسپتال فیصل آباد اور ملتان میں بچوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔ حکومت پنجاب راولپنڈی، بہاولپور اور لاہور میں نئے چلڈرن ہسپتال بنانے جا رہی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ حکومت پنجاب لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنا رہی ہے، جبکہ ڈی جی خان میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کلثوم نواز کینسر سینٹر قائم کیا جائے گا۔ کینسر سینٹر نشتر ہسپتال ملتان کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژنز میں بھی کینسر سینٹرز قائم کرنا منصوبے میں شامل ہے۔

ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے پنجاب کے ٹرشری ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کی مزید مضبوطی کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی۔ وفد نے کہا کہ آنکولوجی، پیڈیاٹرکس اور کارڈیالوجی کے شعبوں میں حکومت پنجاب کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ وفد نے حکومت پنجاب کے صحت کے منصوبوں کو سراہا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے